ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 23 مارچ سے شروع ہوں گے ایس ایس ایل سی امتحانات : بھٹکل کے 2045 طلباء ہوں گے شریک

23 مارچ سے شروع ہوں گے ایس ایس ایل سی امتحانات : بھٹکل کے 2045 طلباء ہوں گے شریک

Tue, 20 Mar 2018 12:51:30    S.O. News Service

بھٹکل 20؍مارچ (ایس او نیوز)بھٹکل کے نئے بلاک ایجوکیشن افیسرایم آر مونجی نے اپنا چارج لینے کے بعد اخبار نویسوں سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ تعلیمی سال 2017 - 18کے ایس ایس ایل سی بیاچ کے لئے بورڈ امتحانات کی تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں ۔23مارچ سے شروع ہوکر 6اپریل کو اختتام پزیر ہونے والے اس امتحان میں بھٹکل تعلقہ سے 2045 طلباء شریک ہونگے۔

انہوں نے بتایا کہ بھٹکل تعلقہ میں جملہ 9امتحانی مراکز ہونگے ۔امتحان دینے والوں میں 987لڑکے اور 1088لڑکیاں شامل ہیں۔شہری علاقے میں نیو انگلش اسکول، اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول، انجمن گرلز ہائی اسکول، سرکاری ہائی اسکول سونار کیری کے علاوہ مضافاتی علاقے میں جنتا ودیا لیہ شیرالی، جنتا ودیا لیہ مرڈیشور، نیشنل ہائی اسکول مرڈیشور، بینا وئیدیا اسکول بیلور اور سرکاری ہائی اسکول بیلکے امتحانی مراکز ہونگے جہاں تمام بنیادی سہولتوں کا انتظام کردیا گیا ہے ۔ ہر مرکز پر سی سی ٹی وی  کیمرے لگے ہوئے ہیں۔ بی ای او نے ایک بات صاف کردی کہ ان تمام 9مراکز میں سے کوئی بھی ’حساس‘ یا ’بہت ہی زیادہ حساس‘ امتحانی مرکز نہیں ہے۔

بی ای او کے مطابق امتحانات کو خوش اسلوبی سے چلانے کے لئے 153سپروائزرس، 9چیف سپرنٹنڈنٹس ، 9سوالیہ پرچوں کے کسٹوڈیئن،9افراد پر مشتمل مقامی سپروائزنگ اسکواڈ اور9تعلقہ سطح کے آبزرورس کو تعینات کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ طلباء کو بہتر انداز میں امتحان دینے کی تربیت کے لئے اسکولوں کی سطح پر خصوصی انتظامات کیے گئے تھے اس کے علاوہ اساتذہ کو بھی ضروری تربیت فراہم کی گئی تھی۔اس کے علاوہ ہیڈماسٹروں کی میٹنگ منعقد کرکے اسکولوں کے عمدہ نتائج لانے کے لئے ہمہ نکاتی پروگرام بھی دیا گیا ہے۔ اس لئے امید کی جاسکتی ہے کہ امسال بھٹکل تعلقہ کا نتیجہ بہت بہتر نکلے گا۔

بلاک ایجو کیشن افیسر نے طلباء کے لئے خاص ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ امتحان سے نصف گھنٹے قبل ہی انہیں امتحانی مرکز پر پہنچ جانا چاہیے۔ اس کے علاوہ موبائل ، کیلکولیٹر یا ا س طرح کی دوسری اشیاء امتحانی مرکز کے اندر لے جانے کی اجازت نہیں رہے گی۔ اورہر حالت میں طالب علم کو اپنا ہال ٹکٹ اپنے ساتھ ہروقت رکھنا ہوگا۔

اس موقع پر بی ای او دفتر کے سبجکٹ انسپکٹر سبرامنیا بھٹ بھی موجود تھے۔


Share: